اسلام آباد، 20 مئی (اے پی پی):اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پی ایس ڈی پی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بلوچستان کی ترقی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مؤثر منصوبہ بندی پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں جاری منصوبے عوامی فلاح اور دیرپا ترقی کی جانب مثبت قدم ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی ہم آہنگی کے ذریعے بلوچستان کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کریں گے، اور کوشش ہے کہ آئندہ پی ایس ڈی پی کا حجم بڑھا کر صوبوں کو مزید ترقیاتی مواقع فراہم کیے جائیں۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پی ایس ڈی پی 2025-26 کا جائزہ لیا گیا ہے اور تمام منصوبوں پر اطمینان ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی عمل میں وفاق کے ساتھ قدم بہ قدم چلنے کے لیے پرعزم ہے۔
سرفراز بگٹی نے وفاق کے ساتھ صوبوں کی شراکت کو ترقیاتی ایجنڈے میں قابل ستائش قرار دیا۔
یہ ملاقات وفاقی و صوبائی سطح پر مربوط منصوبہ بندی اور باہمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔











