اسلام آباد، 23 مئی (اے پی پی): پاکستانی عازمینِ حج کی حجاز مقدس آمد کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔ اب تک 244 پروازوں کے ذریعے 55,642 عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق آج بروز جمعہ ، 23 مئی کو مزید 4,558 عازمین 19 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں گے۔ حج پروازوں کا سلسلہ 31 مئی تک جاری رہے گا۔
ترجمان کے مطابق مشاعر مقدسہ، خاص طور پر منیٰ اور عرفات میں خیموں کی تنصیب اور دیگر سہولیات کی فراہمی عروج پر ہے۔ سعودی حکام کی جانب سے عازمین کے قیام، طعام اور نقل و حمل کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ کے قریب مرکزیہ علاقے میں پاکستانی عازمین کو 100 فیصد رہائش فراہم کی گئی ہے، جب کہ مکہ مکرمہ میں سرکاری اسکیم کے تحت آنے والے عازمین کو عزیزیہ، بطحا قریش اور نسیم کے علاقوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔ مکہ اور مدینہ میں پاکستانی عازمین کی اعلیٰ معیار کے کھانوں سے تواضع کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی عبادات اطمینان سے انجام دے سکیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور، سردار محمد یوسف کا جلد سعودی عرب کا دورہ متوقع ہے، جہاں وہ سعودی حکام سے ملاقات کریں گے اور مشاعر مقدسہ میں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیں گے۔