پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ اپنے برادرانہ، دیرینہ، گہرے اور ہمہ جہت تعلقات کو مزید وسعت دینے،تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا خواہاں ہے،چیئرمین سینیٹ

14

اسلام آباد، 22 مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ اپنے برادرانہ،دیرینہ، گہرے اور ہمہ جہت تعلقات کو مزید وسعت دینے ،تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا خواہاں ہے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ان خیالات کا اظہار افریقی ممالک کے سفرا ء،اقوام متحدہ کے نمائندوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنونیئرز و نمائندوں سے جمعرات کوپارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات میں کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے، بلکہ باہمی تعاون کو فروغ دینے اور ایک بامعنی و مفید مکالمے کا مؤثر پلیٹ فارم ضروری ہے ۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ افریقی خطے کے ساتھ باہمی تعاون، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو تقویت دے رہے ہیں۔ براہِ راست پروازوں کی بحالی، توسیع جیسے اقدامات تجارتی،سفری اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان تجارت کی سہولت کاری اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے انتہائی پرعزم ہے ۔پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین تعلقات کی اصل طاقت سفارتکاری کے ساتھ ساتھ عوامی سطح کے روابط میں بھی پوشیدہ ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت متعدد افریقی طلباء، سفارت کار اور پیشہ ور افراد مقیم ہیں، جو پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔تعلیمی وظائف، تکنیکی تربیتی پروگراموں اور ثقافتی تبادلوں میں توسیع کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس پاکستان اور افریقہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

بطور بانی چیئرمین ‘انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس’ افریقی پارلیمانی قیادت کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےپاکستان کو خطے کا اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور سیکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کے پاکستانی اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاک بھارت کشیدگی کے حقائق پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارت نے جھوٹے پروپیگینڈے کو جواز بنا کر پاکستان پر جنگ مسلط کی۔پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے بھارتی بربریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔پاکستان خطے اور پورے اقوام عالم میں دہشت گردی کی بھر پور مذمت کرتا ہے۔مسائل کا واحد حل مذاکرات ہوتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جنگیں تباہی کا سبب بنتی ہیں جبکہ مذاکرات سے مسائل کا حل نکلتا ہے۔