پاکستان اور ترکیہ کا کثیر الجہتی تعاون کو مزید تقویت دینے اور علاقائی امن، پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کا عزم

11

استنبول،25مئی  (اے پی پی):پاکستان اور ترکیہ نے مختلف شعبوں میں کثیر الجہتی تعاون کو مزید  تقویت دینے  اور علاقائی امن، پائیدار ترقی اور اپنے عوام کی مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے  ۔

اس امر کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف  کی اتوار کو یہاں ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔

 ملاقات میں  پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ وژن سے عبارت ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف جن   کےہمراہ   فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے،نے  دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر ترکیہ حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔  وزیراعظم نے پاکستان کی مسلح افواج کے عزم ، حوصلے ، قربانی کے جذبے اور پاکستانی عوام کی پرعزم حب الوطنی پر روشنی ڈالی جس کا مظاہرہ بے مثال انداز میں ہوا جس نے مادر وطن کے دفاع میں” معرکہ حق” اور آپریشن” بنیان مرصوص ” میں پاکستان کی شاندار فتح میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئےخاص طور پر مشترکہ منصوبوں اورقابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، زراعت سمیت باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں کو  دو طرفہ سرمایہ کاری میں اضافہ کے  کلیدی  ذریعے  کے طور پر اجاگر کیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا ایک جامع جائزہ لیا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے 13 فروری 2025 کو اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس کے دوران کیے گئے اہم فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا ۔دوطرفہ امور کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ایردوان نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے جموں و کشمیر کے تنازع سمیت ایک دوسرے کے بنیادی  تشویش  کے معاملات پر اپنی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور متاثرہ فلسطینی آبادی تک بلا رکاوٹ انسانی رسائی کا مطالبہ کیا۔ملاقات  پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کثیر جہتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی تجدید کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔  بعدازاں ترک صدر  رجب طیب ایردوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے ہمراہ  وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔