پاکستان نے قومی دفاع میں تاریخی کامیابی حاصل کی، رانا مشہود

6

اسلام آباد،13 مئی (اے پی پی):پاکستان نے قومی سلامتی اور دفاع کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے اسے ایک “تاریخی کامیابی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارنامہ وزیراعظم شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں اور مؤثر فیصلوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔

رانا مشہود نے اس عظیم فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو مسلح افواج کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور بہادری پر فخر ہے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف، نیول چیف اور تمام افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان اور پاکستانی نوجوانوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ جب قوم متحد ہو تو کامیابی اس کا مقدر بنتی ہے۔

 رانا مشہود نے سائبر وارئرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دشمن کے جدید ٹیکنالوجی کے جھوٹے دعوؤں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا اور کہا کہ نوجوانوں نے جس جرأت سے سوشل میڈیا پر دشمن کے پروپیگنڈے کا مقابلہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے، پاکستانی قوم نے ثابت کر دیا کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد و یکجہتی نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے، پاکستان کی اس کامیابی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

 انہوں نے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو معیشت اور زراعت سمیت ہر شعبے میں دنیا کے سامنے لانے کا عزم ظاہر کیا۔