پاکستان پیچیدہ جغرافیائی سیاسی صورتحال میں ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای سے خیر سگالی ملاقات میں گفتگو

5

تہران۔26مئی  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پیچیدہ جغرافیائی سیاسی  صورتحال میں ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے،ایران امریکہ جوہری معاہدے سےخطے میں امن و استحکام کو فروغ مل سکتا ہے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای سے خیر سگالی ملاقات کی۔  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے سپریم لیڈر کے لیے اپنے گہرے احترام کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کی عظمت مسلم دنیا کی ایک نمایاں شخصیت طور پر ہے اور امت مسلمہ رہنمائی اور سرپرستی کے لیے ان کی طرف دیکھتی ہے۔ وزیر اعظم نے ان کو بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعات اور بھارت کے تسلط پسندانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کے بارے میں بتایا اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت کرنے پر ایران کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ہمیشہ خواہش ہے کہ خطے میں امن قائم ہو جس سے اقتصادی ترقی اور خوشحالی آئے۔ وزیراعظم نے سپریم لیڈر کو پاکستان ایران تعلقات کو اعلیٰ ترین سطح پر لانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان کی حکومت پیچیدہ جغرافیائی سیاسی  صورتحال کے دوران ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم نے امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات کو آگے بڑھانے میں ایرانی قیادت کی دور اندیشی کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری معاہدہ طے پا جائے گا۔ اس سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ مل سکتا ہے۔سپریم لیڈر نے دور اندیشی کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے ذاتی عزم کی تعریف کی۔ سپریم لیڈر نے پاکستان اور اس کے عوام کی مزید خوشحالی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ وزیر اعظم نے شاعر مشرق علامہ اقبال کی شاعری کے لیے سپریم لیڈر کی لگن کو دل کی گہرائیوں سے سراہا۔انہوں نےسپریم لیڈر کو  دورہ پاکستان کی دعوت دی۔