پاک بھارت کشدگی: بھارت نے سفید جھنڈا لہرا کر ا شکست تسلیم کرلی

19

راولپنڈی،07مئی (اے پی پی): بھارت  نے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر شرمناک اور بزدلانہ  حملہ کیا، رات گئے پاکستان کے تین علاقوں میں میزائل داغے ہیں جبکہ پاک فضائیہ نے ہندوستان کے طیاروں کو پاکستان میں داخل نہیں ہونے دیا ۔

پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف مقامات پر میزائل حملوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ  بھارت کی جانب سے  پاکستان کے 6مقامات پر 24حملے کیے گئے ، ان حملوں میں 3سالہ بچی اور خاتون سمیت 8افراد شہید جبکہ 35شہری زخمی اور دو افراد لاپتہ ہیں۔دشمن کے بزدلانہ،بلااشتعال،بلاجواز حملے کا جواب افواج پاکستان،عوام کی حمایت سے دے رہی ہے اور دیتی رہے گی، دن  میں عالمی اور مقامی میڈیا کو انہی مقامات کا دورہ کرایا جائے گا تا کہ بھارت کی  جارحیت دنیا کو دیکھائی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ دشمن کی جانب سے  مختلف5سٹرائیک ہوئیں جس کے نتیجے میں متعدد مقامات پر مساجد شہید ہوئیں جبکہ پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے  ہوئے زمین،فضا اور لائن آف کنٹرول پر دشمن کو موثر ،منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا ہے، بھارت کے 5 طیارے ،ایک ڈرون مار  گرایا، بریگیڈ ہیڈکوارٹر  سمیت ایل او سی پر متعدد پوسٹیں تباہ کردیں۔

وزیر دفاع   خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کے مختلف مقامات کو ہدف بنایا گیا جبکہ پاکستان سفارتی اور فوجی سطح پر بھر جواب دے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی کا مقابلہ بھرپور طاقت اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانا اور بلا اشتعال بھارتی حملہ بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

موجودہ صورتحال پر اپنے  بیان میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بھارت کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ دشمن کو اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی شہروں اور آزاد کشمیر کے حصے پر بھارت کے میزائل حملوں کو شرمناک قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بھارتی کارروائی جلد ختم ہو جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کا ضامن ہے اور ہم دہشت گردوں اور دنیا کے درمیان ایک دیوار ہیں۔ پاکستان نے کبھی جارحیت میں پہل نہیں کی لیکن اپنے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں  نے کہا پاکستان کی موثر اور فیصلہ کن جوابی کارروائی کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔