پاک فوج سے کاظہاریکجہتی، نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں ریلی کا انعقاد

15

ملتان، 09 مئی (اے پی پی): حالیہ قومی حالات کے تناظر میں، نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاک مسلح افواج سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک عوامی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کی قیادت میں منعقدہ اس ریلی میں سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل جنوبی پنجاب،  امان اللہ، سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب شہباز حسین، وائس چانسلر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ ، رجسٹرار نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمر حسین، ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر محمد زاہد اور پرنسپل نشتر کالج آف نرسنگ سمیت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز، نرسز اور نشتر یونیورسٹی کی طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کی پاک فوج سے والہانہ محبت اور وابستگی کے حوالے سے پیغامات درج تھے۔ شرکاء نے اس موقع پر پاک فوج کی حمایت میں نعرے بھی لگائے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہی ہمیں محفوظ پاکستان کی نعمت سے ہمکنار کرتی ہیں۔ افواج پاکستان نے مشکل کی ہر گھڑی میں وطن عزیز کے لیے لازوال قربانیاں دیں ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے اور ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا ہر فرد پاک مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

اس موقع پر ملکی سلامتی، استحکام اور مسلح افواج کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔