پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے زیر تربیت افسران کا سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ

6

اسلام آباد ، 06 مئی (اے پی پی):پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ، حکومت پنجاب کے زیر تربیت افسران، سینئر انسٹرکٹرز اور ڈائریکٹنگ اسٹاف نے دارالحکومت کی ترقیاتی منصوبوں سے آگاہی کیلئے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ  کیا۔

 چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ممبر ایڈمن، ممبر فنانس، ممبر پلاننگ، ڈی جی اربن پلاننگ اور دیگر سینئر افسران نے مہمانوں کاسی ڈی اے ہیڈکوارٹرز آمد پر خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے ہم سب کو ایک ٹیم کی حیثیت سے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا،  شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، جوائنٹ وینچرز، پبلک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے سرکاری اداروں کے آمدنی کے ذرائع بڑھانے کیلئے نئے تجاویز پر غور کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

زیر تربیت افسران کو سی ڈی اے کی جاری جد وجہد، پبلک سروس ڈیلیوری کے نظام اور دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا گیا۔زیر تربیت افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کی شہر کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کاوشوں کو سراہا ، چیئرمین سی ڈے اے نے نئے تربیتی افسران کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ زیر تربیت افسران ملک کا اثاثہ ہیں جنہوں نے کل ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے،انہوں نے کہا کہ آپ نہ صرف مستقبل کے معمار ہیں بلکہ اپنی پیشہ ورانہ تربیت ، محنت اور لگن کے ساتھ قومی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔