پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا جائزہ اجلاس،شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے ڈویژنل انتظامیہ متحرک

10

ملتان، 05 مئی(اے پی پی):شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے ڈویژنل انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر نے صاف پانی اتھارٹی کو ڈویژن بھر میں واٹر سروے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترجیحات کا ازسرِ نو تعین کیا جائے۔ صاف پانی بیماریوں سے بچاؤ اور ادویات کے بڑھتے اخراجات سے نجات کا ذریعہ ہے۔ صاف پانی کی فراہمی سے ہیپاٹائٹس، ہیضہ اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔ پہلے سے موجود 165 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی و اپ گریڈیشن،عوام کو صاف پانی کی سہولت میسر آئے گی۔ لودھراں 195 مرکز آب، 276 دیہات کو صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ،علاقائی ترقی کی نئی راہ ہموار کرے گا۔

اجلاس میں بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈویژن میں خانیوال 10فیصد، لودھراں 32 فیصد ، وہاڑی 12 فیصد اور ملتان میں 9 فیصد پانی غیر معیاری ہے۔اجلاس میں زیادہ ٹی ڈی ایس والے علاقوں میں واٹر ٹریٹمنٹ اور آر او پلانٹس کی تجویز جبکہ کنٹرول ٹی ڈی ایس علاقوں میں الٹرا فلٹریشن پلانٹس لگانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، میونسپل و ضلع کونسل افسران، متعلقہ محکمے شریک تھے۔