چیئرمین سی ڈی اے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ہیڈ کوارٹرز کا اچانک دورہ، تیاریوں اور فائر فائٹرز کی کارکردگی کا جائزہ

36

اسلام آباد، 09 مئی (اے پی پی( :چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے جمعرات کے روز ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ہیڈ کوارٹرز کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی کی صورت میں کیے گئے حفاظتی انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ممبر ایڈمن سی ڈی اے طلعت محمود بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران محمد علی رندھاوا کو جامع فائر اینڈ ریسکیو مشق کا مظاہرہ دکھایا گیا جس میں آگ سے بچاؤ کے سامان کا مشاہدہ بھی شامل تھا۔ انہوں نے فائر فائٹرز کی پیشہ ورانہ مہارت اور ایمرجنسی ردعمل کی صلاحیتوں کو سراہا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ فائر فائٹرز اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر نہ صرف شہریوں کی قیمتی زندگیاں بچاتے ہیں بلکہ املاک کے تحفظ کو بھی یقینی بناتے ہیں۔ انہوں نے فائر فائٹرز کی خدمات، ان کی تربیت اور آگ پر قابو پانے کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تیاریوں اور صلاحیتوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالا گیا ہے اور سی ڈی اے نے ہنگامی حالات میں عوام کے تحفظ کیلئے عالمی معیار کی فائر فائٹنگ فورس تشکیل دی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ عوامی آگاہی بھی انتہائی اہم ہے اور فائر ڈیپارٹمنٹ کو تمام ضروری وسائل اور تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ ہر ممکن صورتحال کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔

دورے کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے نے فائر فائٹرز کے جذبے، قربانی اور خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں عوام اور املاک کی حفاظت کا اصل محافظ قرار دیا۔