چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا رات گئے ممبر انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا اچانک دورہ

5

اسلام آباد، 2مئی(اے پی پی):

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے رات گئے ممبر انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا اچانک دورہ کیا اور چیئرمین سی ڈی اے نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کو 35 یوم کی تکمیل کی ڈیڈ لائن کے حصول کیلئے تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ وقت  کے اندر  مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پرمتعلقہ افسران سمیت کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس کی جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دی گئی جس  میں بتایا گیا کہ مری روڈ انڈر پاس منصوبے کی 4 میں 3 سلپس روڈ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ ایک سلپ روڈ پر کام تیزی سے جاری ہے،مری روڈ انڈر پاس کا 50 فیصد اور کلوٹس کا 70 فیصد تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔مجموعی طور پر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا 63 فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جاچکا ہے، منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے اب تک کئے تعمیراتی کاموں پر اظہار اطمینان کیا۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیح بنیادوں پر دور کیا جائے۔منصوبے پر 24/7 تعمیراتی کام کو یقینی بنایا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے   محمد علی رندھاوا  وانے واضح ہدایت  دی  کہ منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے، تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار اور کوالٹی میں کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، چیئرمین سی ڈی اے نے کنسلٹنٹس اور ریزیڈنٹ انجینئرز کو سائٹ پر تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت  دی۔

 چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے وقت کے ساتھ ساتھ ایندھن کی بچت بھی ہوگی،نیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد تا مری تک مسافروں کو سگنل فری کوریڈور پر سفر کرنے سے آسانی پیدا ہوگی،منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا اس کے ساتھ مری اور کشمیر سے آنے والی ٹریفک کو آسانی ہوگی۔

 محمد علی رندھاوا  نے کہا کہ اسلام آباد کے روڈ انفراسٹرکچر کے حوالے سے سی ڈی اے ایک اور سنگ میل عبور کرنے جارہا ہے۔منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد کے روڈ انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔