اسلام آباد،22 مئی (اے پی پی ) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈی جی سول ڈیفنس اور دیگر اعلیٰ افسران کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن، ممبر اسٹیٹ، ممبر انوائرمنٹ، ڈی جی انوائرمنٹ، ڈی جی ریسورس، آرکیٹیکٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایف نائن پارک میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پبلک لائبریری کے قیام اور اسلام آباد میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مختلف منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت دی کہ لائبریری کا ڈیزائن بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے اور اسے تمام جدید سہولیات بشمول ڈیجیٹل اور ای-لائبریری، ریسرچ سینٹرز، سوشل زون، کو-ورکنگ اسپیسز، اور بچوں کے لیے پلے ایریا سے آراستہ کیا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پبلک لائبریری میں پانچ لاکھ سے زائد کتابوں کی گنجائش ہو گی اور اسے قومی و بین الاقوامی لائبریریوں سے ڈیجیٹل طور پر منسلک کیا جائے گا۔ لائبریری میں کانفرنس ہالز اور مختلف ایونٹس کے انعقاد کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔
اجلاس میں ایف نائن پارک میں تھیم پارک، سفاری پارک اور گالف کلب کے قیام کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نرسری کی اپ گریڈیشن پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے زور دیا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ منصوبے بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔ عوام کو اعلیٰ معیار کی پبلک سروسز کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔