چین پاکستان کا ایسا مخلص دوست ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، چوہدری شافع حسین

8

لاہور، 17 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین  کامیاب چین دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔ صوبائی وزیر نے  دورے کے دوران چین کی 15 سے زائد بڑی سرمایہ کار کمپنیوں سے ملاقاتیں کیں ۔ اس دورے کے دوران چین کے 4 بڑے سرمایہ کار گروپوں کے ساتھ پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے جس کے تحت پنجاب میں نئے کارخانے لگیں گے جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ صوبائی وزیر کے گزشتہ چین کے دورے کے دوران بھی متعدد کمپنیوں سے پنجاب میں سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے تھے ۔ چین کی وی وو موبائل کمپنی نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں آپنا کارخانہ لگانا شروع کردیا ہے۔ آئندہ 2 سال میں یہ کارخانہ مکمل ہو گا اور موبائل فون پنجاب میں بننا شروع ہو جائیں گے ۔ صوبائی وزیر نے دورے کے دوران 6 سے زائد فیکٹریوں کا وزٹ بھی کیا اور پیدا واری عمل کا جائزہ لیا ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین  نے کہا کہ چین کے حالیہ دورے کے دوران متعدد بڑے سرمایہ کار گروپوں سے سود مند ملاقاتیں ہوئی ہیں اور 4  بڑے سرمایہ کار گروپوں سے پنجاب میں مختلف شعبوں میں کارخانے لگانے کے حوالے سے معاہدے ہوئے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چین پاکستان کا ایسا مخلص دوست ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں بھی چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چین نے اپنی جنگ سمجھ کر پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے ۔  جنگ میں شاندار کامیابی پر پاکستانیوں کی طرح چین کی حکومت اور عوام بھی ہے حد خوش ہیں۔ چین کے لوگوں کے ساتھ مل کر مجھے ان کی اس خوشی کا اندازہ ہوا ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ معشیت کے میدان میں بھی چین پاکستان کے ساتھ بھر پور تعاون کررہا ہے۔ چین کی سرمایہ کار کمپنیاں تیزی سے پنجاب میں سرمایہ کاری کررہی ہیں ۔ پاکستان کی مسلح افواج نے مکار دشمن کو عبرت ناک شکست دی ہے۔ پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جرآت اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کردی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج کی بدولت ہی ہم آج محفوظ ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔a