سیالکوٹ،09مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی کی زیر صدارت افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے کہا کہ قوم پاک فوج کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج جرات و بہادری سے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے۔پاکستانی فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے،اور انہیں عوام کی مکمل حمایت بھی حاصل ہے۔
ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ فوجی تنصیبات اور ان کی نقل و حرکت کی ویڈیوز یا تصاویر نہ بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی معلومات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا وطن سے غداری کے مترادف سمجھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ورکنگ باؤنڈری کے قریب رہائش پذیر افراد کیلئے ریلیف کیمپ کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، تاہم فی الحال عوام کو وہاں منتقل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔