کاسا – ایک ہزار منصوبہ علاقائی اتحاد، توانائی سلامتی اور ترقی کی علامت ہے؛ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری

51

اسلام آباد ،15 مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے آج تاشقند، تاجکستان میں ہونے والے CASA-1000 انٹرگورنمنٹل کونسل اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس اہم منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور پاکستان کے مؤقف کو تفصیل سے پیش کیا۔

سردار اویس لغاری نے کہا کہ CASA-1000 منصوبہ نہ صرف بجلی کی فراہمی کا ذریعہ ہے بلکہ یہ وسطی و جنوبی ایشیا کے ممالک کو توانائی تعاون، علاقائی ہم آہنگی اور مشترکہ ترقی کے رشتے میں جوڑنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سردیوں کے دوران اپنی اضافی بجلی CASA نیٹ ورک کے ذریعے شراکت دار ممالک کو فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے “ریورس پاور” کی پیشکش کرتے ہوئے شراکت دار ممالک سے کہا کہ وہ اس پہلو پر تکنیکی گفتگو کا آغاز کریں تاکہ دوطرفہ بجلی تجارت کو ممکن بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ یہ نیٹ ورک کھلا، شفاف اور سب کے لیے قابلِ رسائی ہونا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ ممالک اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان نے منصوبے میں تاخیر کے باوجود CASA-1000 کے تمام اثاثہ جات کی حفاظت اور دیکھ بھال کی، اور اس تاخیر کا مالی بوجھ بھی پاکستان نے برداشت کیا۔ انہوں نے ورلڈ بینک سے مطالبہ کیا کہ تاخیر کے مالی اثرات کا ازالہ کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اس منصوبے کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دے رہے ہیں، کیونکہ یہ منصوبہ توانائی کے ساتھ ساتھ علاقائی ترقی کے ویژن کا بھی حصہ ہے۔

اویس لغاری نے اجلاس میں واضح کیا کہ CASA-1000 کی کامیابی علاقائی توانائی سلامتی، خوشحالی اور دیرپا تعاون کو فروغ دے گی، جو تمام شراکت دار ممالک کے مفاد میں ہے۔