ملتان، 06 مئی (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت کپاس کی کاشت، صورتحال بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ملتان ڈویژن کو اگیتی کاشت 3 لاکھ 80 ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کا ہدف دیا گیا ہے۔ اگیتی کاشت کا 95 فیصد ٹارگٹ حاصل کیا جاچکا ہے۔ موسمی کاشت کیلئے 8 لاکھ 20 ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔اس ماہ کے آخر تک کپاس کی کاشت مکمل کرلی جائے گی۔محکمہ زراعت کا سٹاف کپاس کی کاشت بارے کسانوں کے مسائل حل کرنے بارے فیلڈ میں موجود ہے۔ سفید مکھی، سبز تیلے تھرپس اور جڑی بوٹیوں پر خصوصی نظر رکھی جائے۔پیسٹ سکاؤٹنگ،سرویلنس میں تیزی،ضرر رساں کیڑوں کے حملے کو بروقت کنٹرول کیا جائے۔ ڈویژن میں کپاس کی فصل کیلئے وافر پانی مہیا کیا گیا ہے۔کسان کی روزی روٹی زمین سے جڑی ہے، اس کی داد رسی ناگزیر ہے۔ حکومت پنجاب کسانوں کو ریلیف دینے بارے اقدامات کررہی ہے۔ڈویژن میں یوریا کے 558455 یوریا بیگز، ڈی اے پی کے 206851 تھیلے موجود ہیں۔ ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر نے کپاس کی فصل بارے تفصیلی بریفنگ دی ، اجلاس میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بھی موجود تھے۔