کمشنر ملتان  نےڈیرہ اڈہ چوک پر خوبصورت یادگار کا افتتاح کیا

2

ملتان، 06 مئی (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے شہر اولیاء میں بیوٹیفیکشن اور یادگاروں کی تعمیر کی روایت برقرار رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیوٹیفکیشن وژن کے تحت ڈیرہ اڈہ چوک پر خوبصورت یادگار کی تکمیل پر افتتاح کیا۔

 شہر اولیاء کی زیر تعمیر 8 یادگاروں میں سے پہلی یادگار کا شاندار افتتاح کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خان ،ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری اور خواجہ انیس نے فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ ڈیرہ اڈہ چوک کی تعمیر نجی شعبے کے اشتراک سے مکمل کی گئی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت یادگاروں کی تعمیر جاری ہے۔ڈیرہ اڈہ چوک کا خوبصورت ڈیزائن آئی ڈیپ سے تیار کرایا گیا۔شہر کی خوبصورتی کیلئے 22 بس اسٹاپس اور 18 سڑکوں کی جدید اپ گریڈیشن بھی جاری ہے، شہر اولیاء کی شناخت نکھارنے کیلئے ترقیاتی منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔

ڈی سی ملتان محمد علی بخاری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بیوٹیفکیشن کیلئے نجی سیکٹر کی خدمات کو سراہتی ہے۔یادگاروں سمیت مختلف مقامات پر خوبصورت لائٹنگ اور لینڈ سکیپننگ بھی کی جارہی ہے۔

 افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان شریک تھے۔شہریوں نے خوبصورت یادگار کی تعمیر پر ڈویژنل انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔