کیریک کانفرنس تجارت اور روابط کے فروغ کے لیے اہم قدم، وی سی سرگودھا یونیورسٹی

16

اسلام آباد، 29 مئی (اے پی پی): سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا ہے کہ کیریک انسٹیٹیوٹ کی جانب سے پاکستان میں پانچویں کیریک کانفرنس کا انعقاد خوش آئند قدم ہے جو نہ صرف پاکستان کی مثبت تصویر دنیا کے سامنے لائے گا بلکہ علاقائی روابط اور تجارت کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ کیریک (CAREC) انسٹیٹیوٹ بین الحکومتی ادارہ ہے جو چین اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس کانفرنس کا پانچواں ایڈیشن ہے جو کہ ان کی دوخواست پر پاکستان میں منعقد ہوئی، انہوں نے درخواست کی قبولیت پر کیریک انسٹیٹیوٹ کا شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا اس بین الاقوامی کانفرنس کی کو آرگنائزر ہے اور پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اس اہم ایونٹ میں مختلف ممالک سے مندوبین شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مندوبین کی نظر میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوا ہے۔

انہوں نے کانفرنس کے مرکزی موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ممبر ممالک کے مابین تعلقات اور  کو فروغ دینے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیریک کے گیارہ رکن ممالک کے درمیان رابطوں اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے یہ کانفرنس سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

ڈاکٹر قیصر عباس نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (BRI) اور سی پیک جیسے اقدامات کو علاقائی ترقی کے لیے کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یونیورسٹیاں تحقیق اور ترقی کے اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں تو اس سے نمایاں فرق آ سکتا ہے۔ انہوں نے کہاایسی کانفرنسز پاکستان کے لیے نہ صرف تعلیمی بلکہ سفارتی سطح پر بھی بڑی کامیابی ثابت ہو سکتی ہیں۔