لاہور، 2 مئی (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان میں نیدرلینڈز کی سفیر مسز ہینی ڈی وریس (Mrs Henny de Vires) نے ملاقات کی۔ لاہور میں نیدر لینڈز کی اعزازی قونصل جنرل عاصمہ حامد، سابق المپک ہاکی پلیئر فلورس جین بوویلینڈر ( Floris Jan Bovelandar), کائنات بخاری ڈچ پاکستانی فٹبال پلیئر اور اولمپئن خواجہ جنید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تعلقات کو تجارت، کھیلوں اور عوامی سطح پر فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہالینڈ میں کھیلوں کے حوالے سے تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان گیمز ایکسچیج پروگرام شروع کرنے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مذید فروغ ملے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کے لیے نیدرلینڈز کے اشتراک سے انفراسٹرکچر، کوچنگ اکیڈمی اور ایکسچینج پروگرام سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مذید وسعت ملے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان اقتصادی شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں سپورٹس کی بحالی بہت ضروری ہے۔ یونیورسٹیوں میں جلد دوبارہ کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ نیدر لینڈز کی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان عوامی سطح پر وفود کے تبادلے ہونے چاہیئیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ مہربان، پرامن اور محبت کرنے والے ہیں۔ عاصمہ حامد نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان زراعت لائیو سٹاک، ڈیری سیکٹر اور ثقافتی شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔