اسلام آباد،16 مئی(اے پی پی ): آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی تاریخی کامیابی پر یومِ تشکر کے حوالے سے نشانِ حیدر پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے مزار پر ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ایئر وائس مارشل عامر شہزاد نے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔
دعائیہ تقریب میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ شرکاء کا جذبہ حب الوطنی قابل دید تھا۔
پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، جنہیں مادرِ وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر نشانِ حیدر سے نوازا گیا، آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی یاد میں ایسے مواقع پر عوام کا یکجہتی کا مظاہرہ، قومی وحدت کی علامت ہے۔











