اسلام آباد :معروف انٹرنیشنل ہسپتال میں حادثات، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے نئے اور جدید یونٹ کا افتتاح

1

اسلام آباد، 17  جون (اے پی پی ): اسلام آباد کے معروف  انٹرنیشنل ہسپتال میں حادثات اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے نئے اور جدید یونٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں آئرلینڈ کی سفیر  میری او نیل نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق، اس اپ گریڈڈ ڈیپارٹمنٹ کا مقصد ہنگامی حالات میں مریضوں کو فوری، معیاری اور بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔

آئرلینڈ کی سفیر  میری او نیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماروف ہسپتال کا یہ اقدام واقعی قابلِ تحسین ہے۔ایمرجنسی کیئر میں بہتری سے نہ صرف مریضوں کی زندگیاں محفوظ ہوں گی بلکہ پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں بھی ایک مثبت تبدیلی آئے گی۔  اُنہوں نے مزید کہا کہ آئرلینڈ اور پاکستان جغرافیائی طور پر ضرور فاصلے پر ہیں، مگر ہمارے درمیان ایک مشترکہ قدر ہے  اور وہ ہے انسانیت، خدمت اور بروقت امداد کا جذبہ جبکہ یہ دیکھنا خوش آئند ہے کہ ماروف جیسے ادارے ان اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ایسی خدمات میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جو حقیقی معنوں میں زندگی بچاتی ہیں۔

ڈاکٹر میر عبد الوحید، یو کے اور آئرلینڈ سے تربیت یافتہ ایمرجنسی اسپیشلسٹ اور MIH کے میڈیکل ڈائریکٹر، نے بتایا کہ ہسپتال  چوبیس گھنٹے ایمرجنسی خدمات فراہم کرتا ہے، جس میں ایک مخصوص کارڈیک ایمرجنسی یونٹ بھی شامل ہے، جو فوری انجیوگرافی اور جدید سہولیات سے آراستہ ہے ، یہ سب کچھ بین الاقوامی طبی اصولوں کے مطابق ہے۔

سی ای او ہارون نصیر نے کہا کہ ہماری ہر پالیسی اور ہر فیصلہ ہمارے بنیادی اصولوں ، معیار، دیانت اور خدمت  کی نمائندگی کرتا ہے۔

چیئرمین چوہدری نصیر احمدنے بتایا کہ جلد ہی ایک نرسنگ ٹیچنگ کالج اور DHA 2 راولپنڈی میں ایک نیا ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ افراد کو معیاری طبی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔