اسلام آباد، 16 جون(اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹونیسکو نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور رومانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، دونوں فریقین نے باہمی تعاون کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ، خوشگوار اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو مزید فعال بنانے سے دوطرفہ ہم آہنگی اور تعاون میں اضافہ ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے یاد دلایا کہ قومی اسمبلی آف پاکستان میں 2013 میں پاک-رومانیہ فرینڈشپ گروپ کا قیام عمل میں لایا گیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان موثر اور نتیجہ خیز سفارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس گروپ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سطح پر روابط کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹونیسکو نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پاکستان-رومانیہ تعلقات سے متعلق مثبت سوچ اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ رومانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ ہے۔











