اسلام آباد، 25 جون)اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر ڈاکٹر ذہیر زید کی ملاقات۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صا دق کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت ایک عظیم انسانی المیہ ہے،اسرائیلی حملوں میں پچاس ہزار سے زائد انسانی جانوں کا ضیاع ہر پاکستانی کے لیے دلخراش سانحہ ہے،غزہ میں معصوم بچوں کی مسلسل شہادتیں عالمی ضمیر کے لیے ایک کڑا امتحان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کیلئے امدادی سامان کی فراہمی روکنا، خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے مترادف ہے،پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کی ہر سطح پر اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، جو خطے اور دنیا کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ایران اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا، انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت جنگوں کی نہیں، امن کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کیا ہے،پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا ہے، پاکستان اور بھارت جنگ میں بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ واضح ہو گیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو ریاست نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیم کے بطور تسلیم کرتا ہے،
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے فلسطینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کے مؤقف کی غیر متزلزل حمایت کی ہے، جس پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں،غزہ کے مظلوم عوام پاکستان کے عوام کی ہمدردی اور یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ہمیں فخر ہے کے پاکستان ہمارے ساتھ ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان عالمی فورمز پر فلسطین کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا،اس وقت فلسطین کو انسانی امداد، سفارتی اور بین الاقوامی حمایت کی ضرورت ہے، پاکستان اور فلسطین کے مابین، برادرانہ تعلقات دونوں اقوام کی تاریخی قربت کا ثبوت ہیں، جنہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔