اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ہنگری کے سفیر کی ملاقات

2

اسلام آباد، 18 جون)اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں تعینات ہنگری کے سبکدوش ہونے والے سفیر بیلا فازیکاش نے پارلیمنٹ ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان پارلیمانی سفارتکاری، اعلیٰ تعلیم، تجارت اور ثقافت جیسے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ہنگری کے سفیر فازیکاش کی پاکستان میں قیام کے دوران پاکستان اور ہنگری کو قریب لانے کیلئے پیش کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلقات کو نئی جہت دی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کی پارلیمانی قیادت میں ہونے والے ہنگری کے سرکاری دورے کو تاریخی دورہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے پاکستان-ہنگری پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کو فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر رابطوں کا فروغ دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے میں معاون ثابت ہو گا۔

ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاش نے پاکستان میں قیام کے دوران ملنے والے تعاون اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے ساتھ خوشگوار یادیں لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی پارلیمانی وفد کے کامیاب دورہ ہنگری کو اپنی سفارتی کاوشوں کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔

سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پاکستان اور ہنگری کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔