اسلام آباد، 17 جون)اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان مذہب، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، جو دونوں ممالک کے عوام کو یکجا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ، دوستانہ اور تاریخی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، اور انہیں مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی رابطے عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائم پاک-ازبک پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پاک-ازبک پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا کردار دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
ازبک سفیر نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے حالیہ دورۂ ازبکستان کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی جہت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف خطے کا ایک اہم ملک ہے بلکہ اس کی سیاسی قیادت کا ترقی اور خوشحالی کیلئے غیر متزلزل عزم قابلِ تحسین ہے۔