اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی سفیر کی ملاقات

2

اسلام آباد، 27 جون )اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی بھی موجود تھے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخ، ثقافت اور مذہب جیسے گہرے اور پائیدار رشتوں پر قائم ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، جو نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اس وقت جنگوں کی نہیں، امن کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کو فروغ دینے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ کے دوران بھارت کے منفی کردار نے کھل کر سامنے آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا مشکل وقت میں ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت نہ کرنے پر ایران کو چاہیے کہ وہ بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کا از سر نو جائزہ لے۔ اسپیکر نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پچاس ہزار سے زائد جانوں کے ضیاع کو پاکستان کیلئے دلخراش سانحہ قرار دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ پارلیمان نے سب سے پہلے ایران کے دفاع میں قرارداد منظور کی، جبکہ بجٹ 2025-26 کی تقاریر کے دوران تقریباً 200 سے زائد ارکان نے ایران کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ اسرائیلی اشتعال انگیزیاں اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم رہ سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ دونوں ممالک میں پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پارلیمانی سطح پر روابط عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے اور باہمی اعتماد بڑھانے کا ذریعہ بنتے ہیں۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ، حکومت اور عوام پاکستانی عوام، پارلیمان اور عسکری قیادت کی حمایت کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر ایران کا بھرپور ساتھ دیا ہے، جس سے پاکستان کی دوستی اور بھائی چارے کا ثبوت ملتا ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ اسرائیل کا حملہ بنیادی طور پر ایران کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی کوشش تھی۔ انہوں نے خطے میں پاکستان کے مثبت اور امن پسندانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا تعاون خطے کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے دوطرفہ پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔