اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کپٹن(ر)عبدالخالق خان اچکزئی کی ملاقات

2

اسلام آباد، 30 جون (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و اقتصادی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے وفاق اور تمام صوبوں کے مابین قریبی روابط ناگزیر ہیں، بلوچستان ایک اہم صوبہ ہے، ملک کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے،بلوچستان کی تعمیر و ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان اسمبلی کے اراکین اور عملے کی استعداد کار بڑھانے کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی کپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی  کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی کے اراکین کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کیلئے باہمی روابط میں اضافہ ضروری ہے، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی یکجہتی اور اتحاد ناگزیر ہے۔