اصلاحات کے ذریعے وسائل کو بہتر بنانے کیلئے پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان معاہدے پر دستخط

1

اسلام آباد ،04 جون (اے پی پی ): حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان 300 ملین ڈالر کے قرض پروگرام پر دستخط ہوگئے۔ اس قرض پروگرام کا بنیادی مقصد اصلاحات کے ذریعے وسائل کو بہتر طریقے سے متحرک کرنا اور بروئے کار لانا ہے۔ اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 500 ملین ڈالر کی پالیسی بیسڈ گارنٹی (پالیسی پر مبنی ضمانت) دی گئی ہے۔ مجموعی طور پر یہ 800 ملین ڈالر کا پروگرام ہے۔ پروگرام پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز اور ایشیائی ترقیاتی  بینک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے معاہدے پر دستخط کئے۔

 اس موقع پر وزارت اقتصادی امور اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ معاہدے پر دستخط ملکی وسائل کو بڑھانے کے ذریعے معاشی استحکام اور مالیاتی استحکام کو ترجیح دینے کے پاکستان کے عزم کی نشاندہی کرتے ہیں۔

 اس پروگرام کے اقتصادی ڈھانچے میں اصلاحات لائی جائیں گی جس کا مقصد محصولات میں اضافے سمیت دیگر اقتصادی مسائل کو حل کرنا ہے۔