اقلیتی طلبہ کے لیے سمر کوچنگ کلاسز کی اختتامی تقریب، صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ مہمانِ خصوصی اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام میں توسیع کی جا رہی ہے، حکومت پنجاب مذہبی اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے: رمیش سنگھ اروڑہ

1

لاہور، 21 جون (اے پی پی): فارمین کرسچن کالج یونیورسٹی (ایف سی سی یو) میں اقلیتی طلبہ کے لیے آٹھ ہفتوں پر مشتمل سمر کوچنگ پروگرام کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس سمر پروگرام میں پنجاب بھر سے تعلق رکھنے والے 192 اقلیتی طلبہ نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب میں طلبہ کو اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ گروپ فوٹو سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں ایف سی سی یو کو اقلیتی طلبہ کی تعلیمی شمولیت کے فروغ پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اقلیتوں کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طالبعلم کو اس کے مذہبی یا سماجی پس منظر کی بنیاد پر پیچھے نہیں رہنے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار 15 اقلیتی طلبہ کو سی ایس ایس اکیڈمی میں داخل کرایا گیا ہے، جس کے تمام اخراجات محکمہ اقلیتی امور برداشت کر رہا ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے اقلیتی طلبہ کے لیے ڈیجیٹل لرننگ پروگرام بھی جاری ہے تاکہ وہ آن لائن تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی تک با آسانی رسائی حاصل کر سکیں۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے اعلان کیا کہ اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام میں توسیع کی جا رہی ہے اور حکومت پنجاب مذہبی اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ اختتامی تقریب میں ایف سی سی یو کے ریکٹر ڈاکٹر جوناتھن ایڈلٹن اور ڈاکٹر جیمز ٹیبے نے طلبہ کو مبارکباد دی، جبکہ ڈاکٹر نیر فردوس اور ڈاکٹر فرزند مسیح نے طلبہ، اساتذہ اور پروگرام کے منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر طلبہ کے والدین نے بھی پروگرام کے انعقاد پر انتظامیہ سے اظہارِ تشکر کیا۔ تقریب میں ابیحہ شلوم (کنئیرڈ کالج) سمیت دیگر معزز مہمانان گرامی نے شرکت کی۔