ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی خوش آئندہے ،ایرانی قوم نے بڑ ی جرأت اوربہادری کا مظاہرہ کیا،وزیراعظم

1

‎اسلام آباد،26جون(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  ایران اور اسرائیل  کے درمیان جنگ بندی کو  خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے بڑ ی جرأت اوربہادری کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ ایران نے اظہار یکجہتی پر پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت اورعوام کی جو تعریف کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

‎ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

‎وزیراعظم نے کہا کہ  بجٹ کی تیاری کے لئے بہت محنت کی گئی جبکہ،اب اس بجٹ کوایوان سے منظور کرانے کےلئے بھی تندہی سے کام کریں، بجٹ منظوری کے بعد نئے مالی سال میں معیشت کو مزید مستحکم بنائیں گے۔

‎وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بھرپور اورمستقل انداز میں ایران کی حمایت کی،ایران نے اسرائیلی حملے کے بعد اپنے دفاع میں کارروائی کی، اللہ کا شکر ہے کہ جنگ بندی ہوگئی ہے ورنہ اس سے بہت زیادہ نقصان ہوسکتا ہے اور اس کے اثرات خطے پر ہی نہیں بلکہ پوری دنیا پر پڑتے،ایرانی قو م نے بڑی جرأت اور بہادری  کا مظاہرہ کیااور انہوں نے کوئی دباؤ قبول نہیں کیا،وہ جھکے نہیں اورکہا کہ باوقار طریقے سے جنگ بندی ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے قطر پر حملے کے خلاف بھی بھرپور مذمتی  بیان جاری کیا گیا، قطر ہمارا برادر ملک ہے،سعودی عرب کے ولی عہد کے ساتھ بھی میری ٹیلیفون پر تفصیلی بات ہوئی،اس جنگ کو رکوانے میں انہوں نے بڑا کردار  ادا کیا۔

‎انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مہینے کا آغاز ہورہا ہے،یہ مقدس مہینہ ہے، وفاق او ر چاروں صوبوں کو امن و امان برقرار رکھنے کےلئے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی،مجالس اورجلوسوں کی حفاظت،امن،بھائی چارہ اور اخوت کا پہلے کی طرح مظاہرہ ہونا چاہئے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں سکیورٹی کے اقدامات کئے جائیں جبکہ ‎دہشت گردی کے خاتمہ کےلئے بھی   سکیورٹی فورسزکے افسران اورجوان عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، انشاء اللّہ یہ جنگ ہم جیتیں گے۔