ایمرجنگ پاکستان ٹینس چیمپئن شپ کی تقریب سے   وفاقی وزیرجام کمال خان کا خطاب ، کھیلوں کی سرکاری سرپرستی پر زور

0

اسلام آباد، 4 جون(اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان میں کھیلوں، بالخصوص ٹینس، کی سرگرمیوں میں وفاقی حکومت کی مؤثر شمولیت اور سرپرستی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے کھیلوں کو فروغ دینا “برانڈنگ پاکستان” کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

یہ بات انہوں نے ایمرجنگ پاکستان نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ 2025 کی انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو کہ وزارتِ تجارت کے تعاون سے اسلام آباد میں پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔

وزیر تجارت نے کہا کہ ، “وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسی سرگرمیوں کی ذمہ داری لے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور حکومتی تعاون کے ساتھ ہمیں ٹینس کو فروغ دینا ہے۔ یہ ‘برانڈنگ پاکستان’ ہے۔”

انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، شرکاء اور فاتحین کو مبارکباد دی اور کھلاڑیوں، جیتنے والوں، منتظمین اور دیگر متعلقہ افراد میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

جام کمال خان نے خصوصی طور پر عقیل خان کو چیمپئن شپ جیتنے پر اور مظمل خان کو رنر اپ بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کی کامیابی پاکستان میں ٹینس کے بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ اور جوش و جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا، “اس ایونٹ کی کامیابی ہمارے اندر موجود صلاحیتوں کا ثبوت ہے، اور ہم مستقبل میں ایسی مزید سرگرمیوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ کھیلوں کے ذریعے پاکستان کی برانڈنگ ہماری قومی ترجیح ہے۔”

تقریب میں سیکرٹری اسپورٹس، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور معروف ٹینس اسٹار احصام الحق قریشی بھی موجود تھے، جنہوں نے اس اقدام کو سراہا۔