بڑے ریلوے سٹیشنز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، ریلوے کی ترقی سے ملک کی ترقی وابستہ ہے، وفاقی وزیر حنیف عباسی کا میٹ دی پریس سے خطاب

15

اسلام آباد۔24جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے  میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں،بڑے ریلوے سٹیشنز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے،موبائل ایپ کے ذریعے ٹکٹ بکنگ کو مزید آسان بنا رہے ہیں،خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو بحال کر دیا ہے،ریلوے کی ترقی سے ملک کی ترقی وابستہ ہے،شاہدرہ سے کوٹ لکھپت تک گرین بیلٹ بنائی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کے 6 ہسپتال 14 سکول و کالجز آئوٹ سورس کر رہے ہیں،گالف اینڈ کنٹری کلب اور ریسٹ ہائوسز کو بھی آئوٹ سورس کر رہے ہیں،سلیپر فیکٹریوں کو بھی آئوٹ سورس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کے اوقات سے متعلق کوئی رعایت نہیں دی جائے گی،ریلوے کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں،ریلوے ٹریک کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،ریلوے شعبے میں بہتری لانے کے لیے انتظامی تبدیلیاں کیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لیے ریلوے کی اربوں روپے کی زمینیں واگزار کرائی گئیں،بڑے ریلوے سٹیشنز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے،موبائل ایپ کے ذریعے ٹکٹ بکنگ کو مزید آسان بنا رہے ہیں،ہم نے ٹرین ہوسٹس کی سہولت متعارف کرائی ہے،ریلوے سٹیشن پر کھانے پینے کی اشیاء کا معیار بہتر بنایا گیا ہے،فریٹ ٹرینوں کی آمدن میں اضافے کے لیے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ریلوے سٹیشنز اور ٹرینوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا ہے،ایل ڈبلیو ایم سی کے ساتھ صفائی کا معاہدہ کیا ہے،خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو بحال کر دیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ریلوے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ،ریلوے کی ترقی سے ملک کی ترقی وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے ریلوے سٹیشن کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے،9 ٹرینوں کو آئوٹ سورس کر دیا ہے جبکہ مزید 12 کو کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ریلوے کے لیے 50 ارب روپے فنڈز مختص کیے ہیں،پنجاب حکومت ڈیزل ملٹی پل یونٹ 8 روٹس پر چلانے جا رہی ہے،پنجاب حکومت کی جانب سے لیول کراسنگ کے لیے نو ارب روپے رکھے  گئے ہیں،شاہدرہ سے کوٹ  لکھپت تک گرین بیلٹ بنائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ 155 سٹیشنز پر سولر لگانے جا رہے ہیں۔