اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں نے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر بھارت کو شکست دی ہے ، اگر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ چھڑ گئی تو دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہو گا ، بھارت کی پانی بند کرنے کی دھمکی یواین چارٹر کی خلاف ورزی ہے ، پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔جمعہ کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ میں پاکستان کی فتح کو تین طرح سے مانتا ہوں، پاک فوج نے بھارت کی بڑی فوج کو شکست دی ، سفارتی سطح پر تاریخی کردار ادا کیا ، پاکستان نے اپنے بیانیہ میں تاریخی فتح حاصل کی، پاکستان کے نوجوانوں نے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر بھارت کو شکست دی ہے ۔ پاکستان کے میڈیا کا کردار تاریخی ہے ، بین الاقوامی سطح پر پانچ دن میں پاکستان کے میڈیا نے تاریخی فتح حاصل کی، دنیا نے پاکستان کے میڈیا کے کردار کو سراہا ، میڈیا نے مشکلات کے باوجود پاکستان کا بیانیہ دنیا کے سامنے پیش کیا، ہمیں نوجوانوں پر فخر ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ صف اول کا کردار آپ صحافیوں کا تھا جس کی میں قدر کرتا ہوں، اپنی ساکھ پر آپ لوگوں نے سمجھوتہ نہیں کیا، وزیر اعظم نے صحیح وقت پر صحیح فیصلہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کے لیے تیار ہے، ہمارے ہاتھ صاف ہیں ، بھارت نے کسی کے ساتھ اپنی معلومات ہی شیئر نہیں کیں، جنگ کے دوران پاکستان شفاف تھا ، بھارت نے جنگ کے دوران نہ صرف میڈیا کے ذریعے بلکہ سفارتکاری ہاٹ لائن کے ذریعے بھی جھوٹ پھیلایا۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی، پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنا بیانیہ بہترین انداز میں رکھا ، ہم دنیا میں امن چاہتے ہیں، ہم نے امن کی بات کی ۔ بھارت تو یہ بات کر رہا تھا کہ پاکستان دہشت گرد ہے لیکن دنیانے اس کے اس بیانیے کو یکسر مسترد کر دیا۔ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ بھارتی عوام کی بھی بات کر رہے ہیں ، نسل در نسل ہم نہیں چاہتے نفرتیں پھیلتی رہیں ، نئی نسل بھارت کے نفرت کے پیغام کو پسند نہیں کرے گی ۔ مقبوضہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے ، اگر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ چھڑ گئی تو دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہو گا ۔ بھارت کی سازش تھی کہ پاکستان کو ایک دہشت گرد ملک بتایا جائے ، ہم نے اس کی سازش کو ناکام بنایا، ہم نے فیٹف کی گرے لسٹ کو وائٹ کر دیا ، بھارت ہر محاذ پر ناکام ہوا ۔ اس کے بعد امریکہ کے صدر نے ہمارے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کھانے کی دعوت دی، یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے ۔ بھارت پانی بند کرنے کی دھمکی دیتا ہے ، یہ یواین چارٹر کی خلاف ورزی ہے ، ہم امن چاہتے ہیں ، اگر پانی بند کیا تو پھر جنگ ہو گی اور ہم پہلے کی طرح جیتیں گے ، پانی کے لئے جنگ کرنا پڑی تو جنگ کریں گے ۔ مودی ایک زمانے میں گجرات کا قصائی تھا، پھر کشمیر کا قصائی بن گیا اور اب مودی وادی سندھ کی تہذیب کا قصائی بننا چاہتا ہے۔بھارت چاہے نہ چاہے عوام امن چاہتی ہے، نئی نسل امن چاہتی ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا مطلب مذاکرات تھے، اصولی طور پر بھارت کو ڈائیلاگ کرنا چاہئے ۔بھارتی وزیر اعظم نے پاکستان کے نوجوانوں کو کہا کہ روٹی کھائو ورنہ گولی کھائو۔ امریکہ کوشش میں ہے کہ جنگ بندی پر بھارت قائم رہے۔ صدر ٹرمپ کی امن کی کوشش بھارت ناکام کرنا چاہتا ہے۔سندھ طاس معاہدہ کو بھارت یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت کو اندازہ نہیں تھا پاکستان کا سخت جواب ہوگا اور بھارت نے جہاز نہیں اڑائے کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ ان کے جہاز گرا دیئے جائیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر مودی یہ کہتا ہے کہ بھارت نے جنگ بندی کی خواہش نہیں کی تو ہ صرف ایک دفعہ یہ کہہ دے کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی عوام پر ظلم کر رہا ہے جسے فوری طور پر روکنا چاہیے، پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر جنگ جیتنے والے جنرل ہیں اور یہ پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے کہ امریکی صدر نے پاکستانی فوج کے سربراہ کو کھانے پر مدعو کیا۔