اسلام آباد، 27جون(اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کے تحت ملک بھر میں مالی معاونت کی مد میں رقم تقسیم کی جا رہی ہے، اور اگر کسی مستحق کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے تو وہ فوراً اپنی آواز بلند کرے، تاکہ مسائل کا بروقت حل کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر آفس لاڑکانہ کے دربار ہال میں منتخب عوامی نمائندوں اور افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کی کوشش ہے کہ تمام مستحقین کو ان کی رقوم اے ٹی ایم کارڈز یا بینک اکاؤنٹس کے ذریعے فراہم کی جائیں تاکہ انہیں ان کا جائز حق باوقار انداز میں مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور دور دراز علاقوں میں رجسٹریشن اور ادائیگی کے لیے موبائل وینز کے ذریعے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو ادائیگی میں کٹوتی یا دیگر شکایات ہوں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ لاڑکانہ شہر میں 99 ہزار سے زائد گھرانوں کو بینظیر کفالت پروگرام کے تحت نقد ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔ بی آئی ایس پی کے تحت مستحق طلبہ کی بھی رجسٹریشن کی جائے گی اور انہیں تعلیم جاری رکھنے کے لیے وظیفہ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ایک نیا سروے بھی شروع کیا جا چکا ہے جس کے تحت گزشتہ تین سال سے استفادہ حاصل کرنے والے خاندانوں کی دوبارہ رجسٹریشن کی جائے گی۔
انہوں نے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ادارے کا تمام ریکارڈ مکمل اور اپڈیٹ رکھا جائے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ ذاتی طور پر مختلف مراکز کا دورہ کرتے رہتے ہیں اور جہاں بھی ناانصافی کی شکایت موصول ہوتی ہے، وہاں فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادائیگیاں بینکوں کے ذریعے کی جانی چاہئیں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
بعد ازاں، چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے لاڑکانہ کے اوٺا چوک پر قائم بی آئی ایس پی سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خواتین سے ملاقات کی۔ خواتین نے شکایت کی کہ ان کی رقوم میں کٹوتی کی جا رہی ہے اور وہاں بنیادی سہولیات جیسے صاف پانی اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات موجود نہیں ہیں۔ اس پر چیئرپرسن نے ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی کو ہدایت دی کہ تمام ضروری سہولیات فوری فراہم کی جائیں تاکہ خواتین کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر بی آئی ایس پی کے ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار علی شیخ، ادارے کے افسران اور منتخب عوامی نمائندے ان کے ہمراہ تھے۔