تعمیراتی شعبے کے لیے حکومتی پیکج خوش آئند: چیئرمین اسلام آباد بلڈر اینڈ ڈیولپر ایسوسی ایشن

13

اسلام آباد، 10 جون (اے پی پی): اسلام آباد بلڈر اینڈ ڈیولپر ایسوسی ایشن کے چیئرمین نصیر نے کہا ہے کہ حالیہ بجٹ میں تعمیراتی شعبے کے لیے اعلان کردہ پیکج ایک مثبت اور خوش آئند قدم ہے، جس سے اس شعبے میں طویل عرصے سے جاری جمود ٹوٹے گا اور کنسٹرکشن انڈسٹری میں بہتری آئے گی۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کو بوم پر لے جانے کے لیے حکومت کو مزید وضاحتیں دینی ہوں گی، خاص طور پر ہائی رائز بلڈنگز اور کنسٹرکشن آلات سے متعلق پالیسی میں نرمی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپارٹمنٹ ہاؤسنگ کے لیے حکومتی فنانسنگ اسکیم ایک بہت اچھا قدم ہے، جس کے تحت متوسط طبقے کے لوگ اپنا گھر خرید سکیں گے، اور بینک فنانسنگ ان کے لیے دستیاب ہوگی۔

چیئرمین نصیر نے بجٹ کو مجموعی طور پر متوازن قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کئی مثبت اقدامات کیے ہیں، لیکن کچھ پہلوؤں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خاص طور پر سولر پینلز پر لگائے گئے ٹیکس کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں کے پیش نظر سولر توانائی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، نہ کہ اسے مہنگا کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کنسٹرکشن انڈسٹری کو درکار تمام سہولیات مہیا کرے اور غیر ضروری رکاوٹوں کو ختم کرے، تو یہ شعبہ نہ صرف لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم کر سکتا ہے بلکہ ملکی معیشت کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔