حکومت پاکستان ایک شفاف، پیش گوئی کے قابل اور سرمایہ کار دوست ٹیرف نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے، رانا احسان افضل

8

اسلام آباد، 18 جون )اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ایک شفاف، پیش گوئی کے قابل اور سرمایہ کار دوست ٹیرف نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے تاکہ ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور برآمدات پر مبنی معیشت کی بنیاد مضبوط کی جا سکے۔

آج بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے منعقدہ نیشنل ریگولیٹری ریفارمز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا احسان افضل کا کہنا تھا کہ حکومت نے نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 کا ابتدائی مسودہ پیش کر دیا ہے، جس کا مقصد تجارتی اور صنعتی شعبے میں پالیسی اصلاحات کو فروغ دینا اور معیشت کو عالمی مسابقت کے لیے تیار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی کے تحت پہلے سال میں تقریباً 7,000 ٹیرف لائنز پر ڈیوٹیز میں کمی کی جائے گی، جس سے صنعت و تجارت کو 200 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ اس پالیسی کے ذریعے خام مال اور مشینی پرزہ جات پر ڈیوٹیز میں کمی کی جائے گی تاکہ پیداواری لاگت میں کمی آئے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

پالیسی کے اہم اہداف میں چار سال کے اندر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی (ACD) کا مکمل خاتمہ، پانچ سال میں ریگولیٹری ڈیوٹی (RD) اور کسٹمز ایکٹ کی پانچویں شیڈول کا خاتمہ، اور پانچ سال کے اندر صرف چار کسٹمز ڈیوٹی سلیبز (0 فیصد، 5 فیصد، 10 فیصد، 15 فیصد) کا نفاذ شامل ہے۔

تقریب میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حارث اختر، وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، اعلیٰ سرکاری حکام، سفارت کاروں اور نجی شعبے کے نمایندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے حکومت کی جانب سے تجارتی اصلاحات کے اقدامات کو سراہا اور انہیں ملکی اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔