لاہور، 31 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب، خواجہ سلمان رفیق نے آج ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ادارے کی کارکردگی، ترقیاتی اہداف اور مستقبل کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں سالانہ ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ادارے کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کے اہداف پر بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ایمرجنسی سروسز کے معیار کو عالمی سطح کے برابر لانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ریسکیو انٹرن شپ پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا اور پنجاب ایمرجنسی سروس کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ وزیر صحت نے ایئر ایمبولینس سروس کو حکومت پنجاب کا “فلیگ شپ پروگرام” قرار دیا اور بتایا کہ موٹروے پر ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے یہ بھی بتایا کہ ادارہ پنجاب کی 39 نئی تحصیلوں میں فائر اینڈ ریسکیو اور موٹر بائیک ریسکیو سروسز کے اجراء کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی ڈسپیچ سسٹم کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے اور تمام ریسکیو اسٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے مشکل حالات، ہیٹ ویو اور طوفان و بارش جیسے چیلنجز کے دوران ریسکیو سروسز کی بروقت کارروائیوں کو سراہتے ہوئے ادارے کی مجموعی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اجلاس میں جنگلات اور فصلوں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔