اسلام آباد، 26 جون 2025 (اے پی پی): ر کن قومی اسمبلی اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی بجٹ آئیڈیل نہیں ہوتا، لیکن موجودہ حالات کے تناظر میں حکومت نے جو بجٹ پیش کیا ہے وہ نہ صرف متوازن ہے بلکہ ایک بہترین بجٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ وزارت کے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت میں ترقی کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے اور ہمیں اس شعبے میں مزید آگے جانا ہوگا۔
زراعت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں بہت پوٹینشل ہے اور اس سمت میں پیش رفت ملک کی معیشت کے لیے سودمند ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید ایسے اقدامات کیے جانے چاہئیں جن سے ملکی معیشت کو تقویت ملے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ بجٹ پر تنقید کر رہے ہیں، وہ اپنا آئیڈیل یا شیڈو بجٹ لے کر آئیں تاکہ اس کا حقیقت پسندی سے موازنہ کیا جا سکے۔ ان کے مطابق، موجودہ بجٹ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور حقیقی معنوں میں ایک متوازن بجٹ ہے۔