رکن قومی اسمبلی ساجد مہدی کی اے پی پی سے گفتگو: “معاشی ترقی اور عوامی ریلیف موجودہ بجٹ کا مرکزی نکتہ ہے”

1

اسلام آباد، 26 جون(اے پی پی):ر کن قومی اسمبلی ساجد مہدی نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی سنجیدہ اور مثبت کوشش ہے، جس میں مختلف شعبوں خصوصاً معاشی ترقی کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس بجٹ پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا جائے تو یہ ملکی معیشت کو استحکام بخشنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اے پی پی سےخصوصی  گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ زراعت ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری بڑھا کر نہ صرف دیہی معیشت کو فروغ دیا جا سکتا ہے بلکہ عام آدمی کو بھی براہِ راست ریلیف پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو زرعی اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

ساجد مہدی نے مزید کہا کہ پاکستان کی افواج ملک کا فخر ہیں،جنہوں نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور پاکستان کی سرحدوں کا بہادری سے دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع کی مضبوطی ہی ہماری خودمختاری کی ضمانت ہے۔

بعد ازاں انہوں نے گفتگو کے دوران کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ایٹمی طاقت حاصل کی، جس نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔ اگر پاکستان ایٹمی قوت نہ ہوتا تو ہماری دفاعی پوزیشن کمزور ہوتی،لیکن آج ہمارا ملک اپنی خودمختاری کا تحفظ کرنے کے قابل ہے، جو پوری قوم کے لیے قابلِ فخر بات ہے۔