اسلام آباد، 19 جون )اے پی پی):رکن قومی اسمبلی نوید عامر نے قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس 2025-26 کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان ایئر فورس کی بھی تعریف کی جنہوں نے ملک کی فضائی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقلیتیں بھی ہمیشہ وطن کے دفاع اور ترقی میں پیش پیش رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبہ جات میں اپنی خدمات انجام دے کر حب الوطنی کا عملی ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتیں ملک کی حرمت اور سلامتی کے لیے ہر دور میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی رہیں۔
نوید عامر نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ بجٹ میں اقلیتوں کے لیے خصوصی ڈیویلپمنٹ فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز اقلیتوں کی سماجی ترقی اور بہبود کے منصوبوں پر خرچ کیے جانے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ پسماندہ طبقات کے حقوق کے لیے آواز بلند کی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان کی ترقی اور دفاع کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔