اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے کی 77سالہ تاریخ میں آمدن میں پہلی بار ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ، آنے والے دنوں میں 110ارب روپے کا ٹارگٹ حاصل کریں گے،پاکستان ریلوے کےلئے سنہرے دور شروع ہوگیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو الائیڈ بنک لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہوگا ، 348سٹیشنز الائیڈ بنک کے حوالے کئے جارہے ہیں ،60 دنوں میں یہ کام مکمل کرلیا جائے گا ۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کے نظام کو جدید اندازمیں استوار کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 19 جولائی کو وزیراعظم محمد شہباز شریف جدید بزنس اپ لفٹڈ ٹرین کا افتتاح کریں گے جو لاہور سے کراچی کےلئے چلائی جائے گی،ہم انہی ریسورسز کے ساتھ ریلوے کو ایک منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔