اسلام آباد، 26 جون (اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی اور چیئرمین دفاعی کمیٹی سردار فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی، حکومت کی اتحادی کے طور پر شامل ہے اور ہم نے جو بھی تحفظات یا تجاویز پیش کیں،حکومت نے ان کو سنجیدگی سے سنا اور ان کے مطابق اقدامات کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سردار فتح اللہ خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بطور اتحادی ملک کی بقا، خودمختاری اور ترقی کی خواہاں ہے اور اس مقصد کے لیے ہر قسم کے اقدامات کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر لمحہ ملک کے تحفظ کے لیے تیار ہیں اور موجودہ بجٹ کو بھی کامیاب بنائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سولر سسٹم پر ٹیکس میں کمی، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے فنڈز سمیت دیگر نکات پر جب پارٹی کی جانب سے حکومت کو تجاویز دی گئیں تو ان پر نہ صرف غور کیا گیا بلکہ ہمیں ان امور پر تسلی بخش جواب بھی دیا گیا، جس پر ہم مطمئن ہیں۔
سردار فتح اللہ خان کا کہنا تھا کہ ملکی خودمختاری اور ترقی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اسی مقصد کے حصول کے لیے ہم اس بجٹ کو کامیاب بنانے میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔