سعدیہ گل کی 4 برس بعد سکواش میں واپسی، قومی ویمنز چمپیئن شپ جیت لی

10

اسلام آباد،4جون (اے پی پی ): 4برس بعد قدم رکھنے والی انٹرنیشنل کھلاڑی سعدیہ گل نے قومی جونیئر اینڈ ویمنز اسکواش چیمپئن شپ کا ویمنز ٹائٹل جیت لیا، حذیفہ شاہد بوائز انڈر-15 کے چیمپین بن گئے، فہد خان نے بوائز انڈر-13 اور ابان خان نے بوائز انڈر-9 کا ایونٹ اپنے نام کرلیا۔

پی ایس ایف جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس پر سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پاکستان امریکن بزنس کونسل کے تعاون سےمنعقدہ 8 لاکھ روپے مالیت کی انعامی رقم کی چیمپئن شپ کا ویمنز ایونٹ سابق قومی چیمپئین سعدیہ گل نے سندھ کی دامیہ خان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سے مات دے کر جیت لیا۔

سابق قومی چیمپئین فرحان زمان کی اہلیہ اور ایک بیٹی کی ماں 27 سالہ سعدیہ گل نے پہلا گیم 8-11، دوسرا گیم 5-12 اورتیسرا گیم 6-11 سے جیتا۔چیمپئن شپ میں ملک بھر سے واپڈا اور آرمی سمیت مختلف محکموں اور صوبوں کے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب میں اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدرعدنان اسد اور دیگر شریک ہوئے اور مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔