اسلام آباد، 20 جون (اے پی پی ):پنجاب میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی بہتری کےلیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر منسٹر سپورٹس فیصل ایوب کھوکھر کی سربراہی میں سپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام جاری وزیر اعلیٰ پنجاب سمرگیمز 2025 لاہور میں انٹرڈویژنل سطح پر منعقد ہونے والے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے جس میں قومی کھیل ہاکی میں ملتان ڈویژن کی ہاکی ٹیم پول میچز میں ڈی جی خان گوجرانوالہ فیصل آباد راولپنڈی ڈویژن کو شکست دیتے ہوئے فائنل میں لاہور ڈویژن کی ٹیم کو شکست دیکر ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے دو ایک سے ہرا کر پہلی پوزیشن اور گولڈ میڈل کے ساتھ نو لاکھ کیش پرائز بھی حاصل کرلیا ۔
ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطاالرحمٰن خان کے مطابق ملتان ڈویژن کے ضلع وہاڑی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی اکثریت پر مبنی ملتان ڈویژن کی ہاکی ٹیم نے وزیر اعلیٰ پنجاب سمر گیمز میں ہاکی کے ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے پہلی بار اس سطح پر کامیابی حاصل کی ،ملتان ڈویژن کی طرف سے پہلا گول خبیب احمد نے جبکہ دوسرا گول ماحد نے جبکہ لاہور ڈویژن کی طرف سے واحد گول سمیع اللہ نے کیا۔
ٹورنامنٹ میں شامل ملتان کے پول میں ڈی جی خان فیصل آباد گوجرانوالہ راولپنڈی اور فائنلسٹ ٹیم لاہور ڈویژن میں آسٹروٹرف کی سہولت موجود ہے جبکہ وہاڑی شہر کے کھلاڑی گھاس پر کھیلتے ہیں اس کے باوجود انہوں نے ان ٹیموں کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور پہلی پوزیشن کی حقدار بنی جس پر ملتان ڈویژن کے ہاکی سے وابستہ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس موقع پر فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں نے وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب خضر افضال کمشنر ملتان عامر کریم خان سے پرزور اپیل کی کہ ملتان ڈویژن کے ضلع وہاڑی میں بھی آسٹروٹرف ہاکی اسٹیڈیم کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ اس شہر سے وابستہ کھلاڑیوں کو گراس روٹ لیول پر بہترین سہولیات میسر آسکیں اور یہاں سے بھی کھلاڑی نیشنل اور انٹر نیشنل سطح پر اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کرسکیں۔