قصور،23جون(اے پی پی)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے کھڈیاں خاص میں نجی ہسپتال کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید طبی سہولیات سے آراستہ اس ہسپتال کا قیام علاقے کے لیے خوش آئند ہے۔ہسپتال کے قیام سے کھڈیاں اور گردونواح کے عوام کو معیاری طبی سہولیات اپنے شہر میں ہی دستیاب ہوں گی۔
ملک محمد احمد خاں نے کہاکہ کھڈیاں خاص میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں آ چکا ہے۔ یونیورسٹی 10۔ارب روپے کی خطیر رقم کیساتھ سے تعمیر ہو رہی ہے یہ یونیورسٹی ایک شہکار ہو گا اور پنجاب کی چند اعلی یونیورسٹیوں میں اس کا شمار ہو گا‘ یونیورسٹی کے قیام سے علاقے کے بچوں کو ہنر بانٹا جائیگا کیونکہ یہ ووکیشنل یونیورسٹی ہے اس یونیورسٹی میں سائنس ٹیکنالوجی، انجینئرنگ،ووکیشن سب شامل ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ یونیورسٹی کے ڈسپلن اس علاقے کی قسمت بدلیں گے۔آج کا دور قصب کا دور ہے جس کے ہاتھ میں ہنر ہے اس کی عزت ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ میرا آپ سے وعدہ ہے کہ علاقہ ہنر مندی کا کھرب ہو گا انشاء اللہ موٹر وے کی تعمیر جلد شروع ہو جائے گی تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاکہ گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز کی تعمیر شروع ہو چکی ہے۔نئی ترقیاتی سکیم کے تحت کھڈیاں شہر کی سیوریج،گلیوں اور سڑکوں کی پختگی کا کام مکمل ہو گا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کھڈیاں نہررنگ روڈ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔
تقریب سے وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے کہا کہ حکومت عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہیتاکہ کسی بھی شہری کو علاج کے لیے دوردراز شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
وفاقی وزیر مملکت نے کہاکہ علاقہ کی تعمیر وترقی کیلئے ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے جا رہے ہیں۔موجودہ حکومت عوام الناس کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔











