اسلام آباد 9 جون ( اے پی پی ) :صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں عید الاضحٰی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے پارٹی ورکرز کو عید کی مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔
صدر مملکت نے کہا کہ “ہمارے ورکرز ہماری اصل طاقت ہیں، جو ہر مشکل گھڑی میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے ہمیں خلوص نیت سے کام کرنا ہوگا۔
صدر آصف علی زرداری نے ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے زراعت کو معیشت کی بنیاد قرار دیا اور کہا کہ “ملک کو زرعی شعبے کی بنیاد پر ترقی دینی ہوگی۔ کسانوں کو سپورٹ کر کے ہم معیشت کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔”
صدر زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام سیاسی، سماجی اور معاشی قوتوں کو مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔











