لاہور، 20 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے دفتر میں برطانیہ کی ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی (UKHSA) کی سینئر قیادت نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں “آئی ڈی ایس آر” لیبارٹری نیٹ ورک کے قیام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس اہم ملاقات میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی ڈین پروفیسر سائرہ افضل، ڈاکٹر سعید اختر، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، پبلک ہیلتھ لیب کے افسران سمیت دیگر متعلقہ افراد شریک تھے۔ یو کے ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی کے ڈاکٹر محمد سرتاج نے حکومت پنجاب کو پبلک ہیلتھ لیب نیٹ ورک کے قیام کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیش کش کی،جسے صوبائی وزیر صحت نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے سراہا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے عالمی اداروں کے ساتھ اشتراک کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ہیلتھ لیب نیٹ ورک کے قیام سے صوبہ پنجاب میں انفیکشیئس ڈیزیزز (وبائی امراض) کا بروقت اور مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔











