لاہور، 27 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر تعمیرات و قانون ملک صہیب احمد بھرتھ اور وزیراعلیٰ پنجاب کی اسپیشل اسسٹنٹ ثانیہ عاشق کی زیر صدارت لاہور میں آٹزم اسکول کی تعمیر سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف اور اسپیشل ایجوکیشن اسکول کے افسران نے شرکت کی اور منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران میٹیریل سپیسیفکیشن پر گفتگو کی گئی اور اسکول کے مختلف حصوں بشمول کوریڈور، کلاس رومز، تھراپی رومز، دیواروں، چھت، دروازوں، کھڑکیوں اور اسٹاف روم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت دی کہ آرکیٹکچر سپیسیفکیشن کے عمل کو شام تک مکمل کیا جائے تاکہ منصوبے کی جلد تکمیل ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آٹزم سے متاثرہ بچوں کی بحالی کے لیے یہ ایک اہم اور انقلابی قدم ہے، جو انہیں بہتر تعلیمی اور تھراپی سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور آٹزم اسکول کا قیام اسی وژن کا حصہ ہے۔