اسلام آباد،18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہاہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے موثر سفارتی اور معاشی حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے، حکومت نجی شعبے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے کہ سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جائے۔
بدھ کو منعقدہ ’’نیشنل ریگولیٹری ریفارمز کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 1972 میں چین کے صنعتکار پاکستان سے سیکھنے آتے تھے، مگر آج وہ سنجیدہ اصلاحات کے باعث دنیا کی بڑی معیشت بن چکے ہیں، پاکستان کو بھی ایسی ہی اصلاحاتی سوچ اور حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
انہوں نے ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کی شمولیت اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔